پریس ریلیز

میڈیا اپ ڈیٹ: اقوام متحدہ پاکستان، 7 جولائی 2023

10 July 2023

  • پائیدار ترقی کے عالمی مقاصد کے تحت دنیا بھر میں جاری سرگرمیوں میں تیزی, اقوامِ متحدہ کی جانب سے ایک نئے عزم اور جذبے کے ساتھ کام کرنے کے لئے آگاہی مہم کا آغاز
  • ایف اے ا و کی جانب سے ڈیجیٹل ویلج آزمائشی منصوبہ کا آغاز: پاکستان کے دیہی علاقوں میں ڈیجیٹل فاصلے مٹانے کی جانب قدم

پائیدار ترقی کے عالمی مقاصد کے تحت دنیا بھر میں جاری سرگرمیوں میں تیزی

اقوامِ متحدہ کی جانب سے ایک نئے عزم اور جذبے کے ساتھ کام کرنے کے لئے آگاہی مہم کا آغاز

ایس ڈی جیز کی نصف مدت کی تکمیل اور ستمبر میں نیویارک میں ہونے والے اہم سربراہ اجلاس سے قبل  بھرپور عوامی سرگرمیاں

نیویارک، 5 جولائی 2023 - اقوامِ متحدہ نے پائیدار ترقی کے عالمی مقاصد (ایس ڈی جیز)  کے تحت ہونے والی سرگرمیوں میں تیزی لانے کے لئے آگاہی مہم کا آغاز کر دیا۔ 2015 میں تمام عالمی رہنماؤں نے کرہ ارض اور اس پر بسنے والے تمام افراد کی بہتری کے لئے اس روڈمیپ کی منظوری دی تھی۔ ستمبر میں اقوامِ متحدہ کا ایک اہم سربراہ اجلاس منعقد ہونے والا ہے اور اس سے قبل یہ آگاہی مہم اس مقصد کے تحت شروع کی گئی ہے کہ دنیا بھر میں پائیدار ترقی کے ایک بلیوپرنٹ کے طور ایس ڈی جیز کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے، ایک نئے عزم اور جذبے کے ساتھ  نئے اقدامات کرنے پر زور دیا جائے اور نوع انسانی کے مشترکہ مستقبل کے اس مشترکہ ایجنڈا کے حق میں دنیا بھر میں عوامی حمایت کو مستحکم بنایا جائے۔

ایس ڈی جیز کی تکمیل کے لئے سال 2030 کا ہدف مقرر کیا گیا تھا اور اس وقت نصف مدت گزر چکی ہے جبکہ عملی طور پر ان مقاصد کے تحت ہونے والی سرگرمیاں مختلف مشکلات سے دوچار دکھائی دیتی ہیں۔ گزشتہ کئی دہائیوں میں پہلی بار دیکھنے میں آ رہا ہے کہ موسمیاتی آفات، تنازعات، معاشی زبوں حالی اور کووڈ کے مجموعی اثرات کے باعث ترقیاتی عمل تنزلی کا شکار ہو چکا ہے۔

ایس ڈی جی سربراہ اجلاس کے موقع پر 18 سے 19 ستمبر کو تمام عالمی رہنما نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے صدر دفتر میں جمع ہو رہے ہیں جہاں وہ ان مقاصد کے تحت کئے گئے اجتماعی عہد کی تجدید کریں گے اور اس عزم کا اعادہ کریں گے کہ ان مقاصد کی تکمیل کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا۔ یہ سربراہ اجلاس دنیا بھر میں ایس ڈی جیز کے تحت ہونے والی سرگرمیوں میں ایک بار پھر تیزی لانے کے لئے فیصلہ کن اہمیت کا حامل ہے۔

اقوامِ متحدہ کی جانب سے آج شروع کی گئی آگاہی مہم کے تحت دنیا بھر کے تمام ممالک میں ڈیجیٹل میڈیا کے تمام پلیٹ فارمز پر آگاہی سرگرمیاں کی جائیں گی جن کا مقصد ایس ڈی جیز کو ایک بار پھر عوامی بحث میں مرکزی حیثیت دلانا اور ان سے متعلق گفتگو میں نئی روح پھونکنا ہے۔

اقوامِ متحدہ کے شعبہ گلوبل کمیونیکیشنز کے ڈائریکٹر کیمپینز نانیت بران نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایس ڈی جیز کی جدوجہد میں ہر فرد کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دنیا بھر کے فیصلہ ساز حلقے اور عام شہری اس مہم میں ہمارا ساتھ دیں گے، اس گفتگو کا حصہ بنیں گے اور ایک نئے عزم اور جذبے کے ساتھ ان مقاصد کے حصول میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

ایس ڈی جیز کے لوگو میں شامل رنگوں کا استعمال کرتے ہوئے اس آگاہی مہم میں رنگ و آہنگ کے حسین امتزاج کو ایک نئے انداز میں پیش کیا جا رہا ہے اور پرکشش ڈیزائن اور پرزور پیغامات کے ذریعے تمام متعلقہ حلقوں کو ایس ڈی جیز سے متعلق سرگرمیوں میں تیزی لانے پر مائل کیا جا رہا ہے۔

آگاہی مہم کے تحت دنیا بھر کے شہریوں سے اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ 17 ایس ڈی جیز سے متعلق اقوام متحدہ کی جانب سے شروع کی گئی کاوش ActNow کا حصہ بنیں اور ان میں سے کسی بھی مقصد کے تحت ہونے والی سرگرمیوں میں اپنا کردار ادا کریں۔ پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال ہو یا سکولوں کے فنڈز جمع کرنے کی مہم یا برابری اور مساوات کے  حق میں آواز اٹھانے کی بات، اس پلیٹ فارم پر ہر طرح کے اقدامات کی ایک تفصیلی فہرست دی گئی ہے اور ہر شہری ان میں سے اپنی پسند کے کسی بھی اقدام  کا حصہ بن کر ایس ڈی جیز کی سرگرمیوں کو تیز بنانے اور ہم سب کے لئے بہتر کرہ ارض پر بہتر زندگیاں یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔

دنیا بھر کی مختلف بااثر شخصیات پر مشتمل ایک گروپ "سرکل آف سپورٹرز" بھی اس آگاہی مہم کا پیغام دنیا بھر کے لوگوں تک پہنچانے اور انہیں ایس ڈی جیز پر عملی اقدام کی طرف مائل کرنے کے لئے سرگرم ہے۔ دوسری جانب یہ گروپ دنیا بھر کے فیصلہ ساز حلقوں پر زور دے رہا ہے کہ وہ کسی تاخیر کے بغیر فی الفور عملی اقدامات کریں۔

ایس ڈی جی سربراہ اجلاس کے بارے میں مزید معلومات یہاں سے حاصل کی جا سکتی ہیں: https://www.un.org/en/conferences/SDGSummit2023

Hashtag :  #GlobalGoals 

 

میڈیا کے لئے رابطہ معلومات:

Alexandra del Castello, UN Department of Global Communications, alexandra.delcastello@un.org

 

 

ایف اے ا و کی جانب سے ڈیجیٹل ویلج آزمائشی منصوبہ کا آغاز: پاکستان کے دیہی علاقوں میں ڈیجیٹل فاصلے مٹانے کی جانب قدم

رحیم یار خان ۔ ادارہ خوراک و زراعت اقوام متحدہ پاکستان (ایف اے او) نےحکومت پنجاب کے اشتراک سے ڈیجیٹل ویلج آزمائشی منصوبہ کا آغاز کیا ہے۔ اس سلسلے میں فوڈ سیکیورٹی اینڈ ایگریکلچر سینٹر آف ایکسیلینسی، احمد پور لاما ، رحیم یار خان میں گزشتہ روز ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ 

یہ آزمائشی منصوبہ رحیم یار خان اور سرگود کے دو دیہاتوں میں شروع کیا گیا ہے۔ ان مقامات کا انتخاب صوبہ سندھ اور پنجاب کے ۷ اضلاع کے تفصیلی جائزے کے بعد کیا گیاجسکے لئے دونوں صوٍبائی حکومتوں کی مکمل حمایت حاصل تھی۔ اعلیٰ حکومتی افسران، مقامی لیڈران، محقیقین، مرد اور خواتین کاشتکاروں، نجی شعبہ کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ افراد کی ایک بڑی تعداد نے اس تقریب میں شرکت کی۔

یہ آزمائشی منصوبہ ادارہ خوراک و زراعت کی جانب سے ایشیا اور پیسیفک کے ۱۰۰۰ دیہاتوں میں شروع کئے جانے والے عالمی منصوبے کا حصہ ہے جسکا مقصد تکنیکی تخصیص کو ختم کرنا ہے تاکہ دیہی آبادیوں کی رسائی ڈیجیٹل وسائل، تعلیم اور مواقعوں تک ہو سکے۔

تقریب کے دوران آزمائشی منصوبوں کے تحت منتخب شدہ دیہاتوں  سے تعلق رکھنے والی ۱۰ چنیدہ  خواتین میں ٹیبلیٹس بھی تقسیم کی گئیں تاکہ وہ زراعت سے متعلقہ ان ایپس کا استعمال کر سکیں جن پر انکو ایف اے او کی جانب سے تربیت دی گئی ہے۔ 

مقامی ضرورتوں کو مدِ نظر رکھ کے بنائے گئے موسمی سٹیشن کا بھی افتتاح کیا گیا اور اسکے ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور پیش گوئی کے نظام پر حاضرین کو بریفنگ دی گئی۔ یہ موسمی سٹیشن دونوں مقامات پر لگائے گئے ہیں اور کسانوں کی ورچوئل ٹریننگ کے لئے تربیتی ہالوں میں ضروری سامان اور آلات بھی نصب کئے گئے ہیں۔

یہ سٹیشن ۱۰ کلومیٹر کے رقبے کے اندر موسمی صورتحال بتائیں گے، متوقع کیڑوں اور بیماریوں کے متعلق پیش گوئی کرینگے اور کسانوں کو دیگر متعلقہ معلومات فراہم کریں گے۔ دونوں موسمیاتی سٹیشنوں پر جدید ترین معلومات پر مبنی تربیتی پروگرام بھی منعقد کرانے کا اہتمام ہے۔ منتخب مرد اور خواتین کاشتکاروں کوان موسمی سٹیشنوں کے مختلف کاموں کے بارے میں تربیت فراہم کی گئی ہے۔ ان سٹیشنز کے ذریعے کسان اپنی اپنی زمین کے متعلق انفرادی اور مخصوص معلومات حاصل کر سکیں گے۔ درست ڈیٹا اور معلومات انکو اپنی فصل کی بہتر حفاظت کرنے میں مدد دیں گے اور انکو اپنی فصل کی دیکھ بھال کے سلسلے میں لاگو آنے والے اخراجات میں کمی میں بھی مدد ملے گی۔

یہ ڈیٹا پنجاب ایگریکلچر ایکسٹینشن ۰۔۲ منصوبے، واٹر مینیجمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور سٹارپ۔اپ کمپنیوں کو کسانوں کے لئے متعلقہ زرعی خدمات کی فراہمی میں بھی مدد کرے گا۔ تقریب کے موقع پر ڈیجیٹل سروسز فراہم کرنے والی مختلف کمپنیوں کی جانب سے بوتھ بھی قائم کئے گئے تھے۔ ان سے کسانوں کو انکے لئے دستیاب سروسز کے بارے میں براہ راست جاننے کا موقع ملا

تیز ترین انٹرنیٹ انفراسٹکچر ، ٹیبلٹس اور تکنیکی وسائل کی فراہمی سے ڈیجیٹل ویلج  آزمائشی منصوبہ افراد کی رسائی معلومات، ای۔لرننگ پلیٹ فارمز اور ڈیجیٹل سروسز کے ایک خزانے تک یقینی بنانے کا ارادہ رکھتا ہے ۔

ڈیجیٹل ویلج کا یہ منصوبہ پاکستان کے دیہی علاقوں میں ایک مربوط اور خوشحال مستقبل کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ٹیکنالوجی کی طاقت کو استعمال کر کے اور ڈیجیٹل شمولیت کو فروغ دیکر یہ منصوبہ ایک مثبت سماجی اقتصادی تبدیلی اور معاشرے کے محروم طبقات کی خوشحالی کی امید دلاتا ہے ۔

 

برائے مزید معلومات

شارق لاشاری

سینیئر کمیونیکیشن ایسوسی ایٹ

ایف اے او اسلام آباد

0321-3082691, shariq.lashari@fao.org

 

 

 

 

اس اقدام میں حصہ لینے والے اقوام متحدہ کے ادارے

ایف اے او
اقوام متحدہ کا ادارہ خوراک و زراعت
یواین آئی سی
اقوام متحدہ مرکز اطلاعات

اس اقدام سے متعلقہ اہداف یہ اقدام کن اہداف کے حصول میں معاون ہو گا