پاکستان میں پائیدار ترقیاتی اہداف پر ہمارا کام
پاکستان میں اقوام متحدہ پائیدار ترقی کے اہداف میں کیسے معاونت کر رہا ہے
پاکستان میں SDGs کو حاصل کرنے کے لیے اقوام متحدہ نےجو اہم خدمات انجام دیں ان میں پالیسی اور تکنیکی معاونت نمایاں طور پر دکھائی دیتی ہے ۔ 2018 میں حکومت پاکستان اور اقوام متحدہ نےیواین پائیدار ترقی کے فریم ورک((UNSDF پر دستخط کیے جسے پاکستان ون یونائیٹڈ نیشنز پروگرام (آپریشن۔III) 2018-2022 بھی کہا جاتا ہے۔ یہ فریم ورک ایک درمیانی مدت کی اسٹریٹجک منصوبہ بندی کی ایک ایسی دستاویز ہے جس میں دس اہم کامیابیوں پر توجہ دیتے ہوئے ایسے متوقع نتائج کو شامل کیا گیاہے جن کی مختلف اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ وسیع مشاورت اور پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات کے مطابق نشاندہی کی گئی ہے۔ آپریشن۔III 2018-2022 کی رہنمائی کے تحت پاکستان میں اقوام متحدہ کے ادارے مختلف بنیادی شعبوں میں حکومت کے قریبی تعاون کے ساتھ کام کر رہے ہیں، اس طرح مذکورہ بالا دستاویز میں بیان کردہ نتائج اور بالآخر پاکستان میں SDGs کے حصول کے لیے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
پاکستان میں پائیدار ترقیاتی اہداف
پاکستان نے قومی اسمبلی کی ایک متفقہ قرارداد کے ذریعے 2016 میں پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) کو اپنے قومی ترقی کے ایجنڈے میں شامل کرتے ہوئے پائیدار ترقی کے ایجنڈے 2030 کے ساتھ اپنی وابستگی کااظہارکیا۔ اس کے بعد ملک نے اپنی قومی پالیسیوں اور حکمت عملیوں میں ان اہداف کو شامل کیا اور پاکستان میں SDGs کے نفاذ کے لیے ایک ادارہ جاتی لائحہ عمل تیار کرکے قابل ذکر پیش رفت کی ۔ وفاقی اور صوبائی سطحوں پر منصوبہ بندی کے اداروں (وزارت منصوبہ بندی و ترقی اور خصوصی اقدام اور صوبائی منصوبہ بندی و ترقی کے اداروں) کے ساتھ SDGs کے معاون یونٹس قائم کیے گئے تاکہ SDGs کے نفاذ اور اس کی پیش رفت کی نگرانی کی جا سکے۔حکومت نے 2018 میں ایک قومی SDGs لائحہ عمل منظور کیا جو SDGs کو ترجیح دینے اور موثر بنانے کے لیے ایک قومی نظریہ پیش کرتا ہے۔ مقامی طور پر صوبائی SDGs کے لائحہ عمل تیارکیے جارہے ہیں۔ حکومت منصوبہ بندی کے عمل میںSDGs کو مرکزی دھارے میں لانے، ان اہداف کی پھرپور نگرانی اور رپورٹنگ کو یقینی بنانے، سرکاری مختص کردہ رقوم کو SDGs کے ساتھ متوازن بنانےاور متبادل مالیاتی طریقہ کار تلاش کرنے کے ساتھ ساتھ SDGs کی پیش رفت کو تیز کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال سے فائدہ اٹھانے پر اپنی توجہ دے رہی ہے۔