پاکستان میں اقوام متحدہ کا کردار

اقوام متحدہ  حکومت پاکستان کی مسلسل مدد کرنے کے  پختہ ارادے پر قائم ہے تاکہ اپنی ترقیاتی ضروریات کو پورا کرسکے اور پائیدار ترقی کے اہداف(SDGs)کے حصول کے لیےعالمی وعدوں پر عمل کرسکے۔ اقوام متحدہ قدرتی آفات اور  بحرانوں کے دوران بھی پاکستان  کی امداد کرتاہے۔

حکومت پاکستان نے 2006 میں اقوام متحدہ کے ساتھ اپنے کام کا آغاز کیا تھا۔ اُس وقت سے اقوام متحدہ کے شراکت دار ادارے ملکی، علاقائی اور عالمی سطح پر قومی ترجیحات اوراس کی  کارکردگی کی افادیت میں اضافہ کرنے کے لیے باہمی طورپر مل جل کرکام کر رہے ہیں۔

اقوام متحدہ کے پروگرام (2009-2012) پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور وزیر اعظم پاکستان کی موجودگی میں فروری 2009 میں دستخط کیے گئے تھے۔ اقوام متحدہ کے پروگرام (2013-2017) کو قومی سیاسی طریقہ ہائے کار اور قومی اور صوبائی ترقی کی ترجیحات، لائحہ عمل اور حکمت عملیوں کے ساتھ متوازن بنایاگیا  تھا۔ اقوام متحدہ کے پروگرام(2018-2022) پر اپریل 2018 میں دستخط کیے گئےجو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی اصلاحات اور بہتر طریقہ کار کی ترجمانی کرتاہے۔

اقوام متحدہ کے اصولوں کے مطابق پاکستان میں اقوام متحدہ کی کوششوں کی بنیاد انسانی حقوق پر مبنی نقطہ نظر پر رکھی گئی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کے تمام اقدامات میں  صنفی مساوات، شمولیت، صلاحیت سازی اور ماحولیاتی پائیداری پر بھی توجہ دی گئی ہے۔

ترقی کے پائیدار اہداف(SDGs)کے حصول کے لیےاقوام متحدہ نے اپنی بھر پورتوجہ اور عزم کی تجدید کے لیے2020 کے اختتام پرایک مہم کا آغاز بھی کیا تھا۔


کیپشن: لاہور، پاکستان کے شہر میں قلعہ لاہور کا ایک منظر۔ 18 فروری 2020
تصویر: © UN photo

اقوام متحدہ کے اقدامات

پاکستان میں پائیدار ترقیاتی اہداف

پاکستان نے قومی اسمبلی کی ایک متفقہ قرارداد کے ذریعے 2016 میں پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) کو اپنے قومی ترقی کے ایجنڈے میں شامل کرتے ہوئے پائیدار ترقی کے ایجنڈے 2030 کے ساتھ اپنی وابستگی کااظہارکیا۔ اس کے بعد ملک نے اپنی قومی پالیسیوں اور حکمت عملیوں میں ان اہداف کو شامل کیا اور پاکستان میں SDGs کے نفاذ کے لیے ایک ادارہ جاتی لائحہ عمل تیار کرکے قابل ذکر پیش رفت کی ۔ وفاقی اور صوبائی سطحوں پر منصوبہ بندی کے اداروں (وزارت منصوبہ بندی و ترقی اور خصوصی اقدام اور صوبائی منصوبہ بندی و ترقی کے اداروں) کے ساتھ SDGs کے معاون یونٹس قائم کیے گئے تاکہ SDGs کے نفاذ اور اس کی پیش رفت کی نگرانی کی جا سکے۔حکومت نے 2018 میں ایک قومی SDGs لائحہ عمل منظور کیا جو SDGs کو ترجیح دینے اور موثر بنانے کے لیے ایک قومی نظریہ پیش کرتا ہے۔ مقامی طور پر صوبائی SDGs کے لائحہ عمل تیارکیے جارہے ہیں۔ حکومت منصوبہ بندی کے عمل میںSDGs کو مرکزی دھارے میں لانے، ان اہداف کی پھرپور نگرانی اور رپورٹنگ کو یقینی بنانے، سرکاری مختص کردہ رقوم کو SDGs کے ساتھ متوازن بنانےاور متبادل مالیاتی طریقہ کار تلاش کرنے کے ساتھ ساتھ SDGs کی پیش رفت کو تیز کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال سے فائدہ اٹھانے پر اپنی توجہ دے رہی ہے۔