اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر کا دفتر
ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر کے سسٹم میں اقوام متحدہ کے تحت ترقی کے مقصد کے لیے ہونے والی تمام آپریشنل سرگرمیاں شامل ہوتی ہیں چاہے میزبان ملک میں ان کی مادی موجودگی ہو یا نہ ہو۔ ریزیڈنٹ کوآرڈینٹر کا نظام اس لیے بنایا گیا ہے تاکہ ملکی سطح پر آپریشنل سرگرمیوں کی آفادیت اور موثریت کو بہتر بنانے کے لیے اقوام متحدہ کے تمام اداروں کو مربوط کیا جائے۔
ون یو این اقدام کے تحت ریزیڈنٹ کوآرڈینٹر کے دفتر کے کردار کو بڑھا کر اسے مزید مضبوط کیا گیا ہے تاکہ میزبان ملک میں اقوام متحدہ کے کام کے لیے درکار قیادت اور جذبہ فراہم کیا جا سکے۔ ریزیڈنٹ کوآرڈینٹر حکومت پاکستان کی معاونت کرتا ہے تاکہ وہ اپنے عالمی وعدوں بالخصوص پائیدارترقی کے اہداف کو پورا کرنے کے لیے کام کر سکے۔ مزید برآں، چونکہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جہاں سب سے پہلے آزمائشی طور پر ون یو این اقدام کو آزمایا گیا تھا، اس لیے یہاں ریزیڈنٹ کوآرڈینٹر کا دفتر یو این نظام کی مضبوطی کے لیے زیادہ لگن سے کام کر رہا ہے تاکہ یہاں استعمال ہونے والے پیسے کو پاکستانی عوام کے بہترین مفاد میں لایا جا سکے۔
یو این کنٹری ٹیم، جس میں ملکی سطح پر موجود اقوام متحدہ کے تمام اداروں، فنڈز اور پروگرامز کے سربراہان شامل ہوتے ہیں، کے چیئرمین کے طور پر ریزیڈنٹ کوآرڈینٹر ملکی سطح پر کلیدی کردار ادا کرتا ہے تاکہ اقوام متحدہ کی تمام ترقیاتی سرگرمیوں کے مابین رابطہ کاری کو بہتر بنا کر اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ اقوام متحدہ کی معاونت ملکی ترقیاتی ترجیحات، منصوبوں اور صلاحیت سازی کے مطابق ہو، عالمی معاہدوں کی پاسداری ہو اور ملک میں ترقی و عالمی تعاون کے حوالے سے اقوام متحدہ کا کردار مرکزی حیثیت کا حامل ہو۔ ریزیڈنٹ کوآرڈینٹر کا دفتر ترقیاتی سرگرمیوں، پالیسی اور سیاسی معاملات پر معاونت کا بھی ذمہ دار ہے۔
ریزیڈنٹ کوآرڈینٹر کا دفتر پاکستان میں یو این کنٹری ٹیم کی قیادت کرتا ہے اور وہ ترقیاتی سرگرمیوں کے لیے سیکرٹری جنرل کا مجاز نمائندہ بھی ہوتا ہے۔ یہ دفتر حکومت کے ساتھ مل کر کام کرتا ہے ، ریزیڈنٹ کوآرڈینٹر اور کنٹری ٹیم اپنے مینڈیٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے مفادات کا خیال رکھتے ہیں جس کے لیے انہیں پوری یواین فیملی کا تعاون اور رہنمائی حاصل ہوتی ہے۔ ریزیڈنٹ کوآرڈینٹر اقوام متحدہ کی وساطت سے غیر جانبدارانہ انداز میں کام کرتا ہے اور ملک میں اقوام متحدہ کی سٹرٹیجک پوزیشن کو بہتر بناتا ہے۔ ریزیڈنٹ کوآرڈینٹر انسانی حقوق اور اس حوالے سے قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے ان کی سنگین خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے پرعزم ہے، اقوام متحدہ کے تمام ادارے اور سٹاف اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہیں۔
پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینٹر
محمد یحییٰ کے پاس ترقی اور امن کی تعمیر میں 20 سال سے زیادہ کا تجربہ ہے۔ اپنی تقرری سے پہلے، انہوں نے نائیجیریا میں اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (UNDP) کے رہائشی نمائندے کے طور پر خدمات انجام دیں، جہاں انہوں نے افریقہ میں UNDP کے سب سے بڑے ملکی پورٹ فولیوز میں سے ایک کی نگرانی کی جس کی موجودگی نائیجیریا کے چھ میں سے پانچ جیو پولیٹیکل زونز میں ہے۔
اس سے پہلے، انہوں نے ادیس ابابا میں قائم UNDP کے افریقہ کے علاقائی پروگرام کے کوآرڈینیٹر کے طور پر کام کیا، جہاں وہ افریقی یونین اور افریقہ کی علاقائی اقتصادی برادریوں کی حمایت میں علاقائی ترقی کے اقدامات کے ذمہ دار تھے۔ اس سے قبل، وہ UNDP کے ساتھ افغانستان اور لائبیریا میں اقوام متحدہ کی مداخلتوں کی حمایت کرنے والے تنازعات کے بعد بحالی کے ماہر کے ساتھ ساتھ قدرتی وسائل کے انتظام پر اقوام متحدہ کے مشترکہ اقدام کے کوآرڈینیٹر کے عہدوں پر فائز تھے۔ اقوام متحدہ میں شامل ہونے سے پہلے، انہوں نے غیر سرکاری تنظیم انٹرنیشنل الرٹ کے لیے امن سازی کے سینئر مشیر کے طور پر کام کیا۔
محمد یحییٰ نے تشدد، تنازعات اور ترقی میں ماسٹر ڈگری اور لندن یونیورسٹی کے اسکول آف اورینٹل اینڈ افریقن اسٹڈیز سے سیاست اور تاریخ میں بیچلر کی ڈگری حاصل کی۔