پاکستان میں سیلاب سے متاثر ہونے والے لاکھوں افراد کو امدادکی فراہمی
02 February 2023
پاکستان میں تین کروڑ تیس لاکھ سے زیادہ افراد 2022 میں آنے والے تباہ کن سیلاب سے بہت زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔
پاکستان میں تین کروڑ تیس لاکھ سے زیادہ افراد 2022 میں آنے والے تباہ کن سیلاب سے بہت زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق 1,700 افراد موت کا شکار ہوئے جبکہ تقریباً 80 لاکھ بے گھر ہوگئے۔ اس وقت دو کروڑ سے زیادہ متاثرین انسانی امداد کے منتظر ہیں۔
سری لنکا میں واقع یو این اوپس کے کثیر الملکی مرکز کے ڈائریکٹر چارلس کیلانن کے مطابق اس انتہائی شدت کے سیلاب سے پاکستان کو موسمیاتی تغیر کے باعث لاحق سنگین خطرات کی نشان دہی ہوئی ہے۔ چارلس نے کہا، "اب ملک شدید بحرانوں کا شکار ہے کیونکہ وہ عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی مہنگائی اور اس تباہی سے پہلے آنے والی معاشی آزمائشوں کا بھی مقابلہ کر رہا ہے۔"
عالمی بنک سےسات ملین ڈالر سے زیادہ کی فنڈنگ کے ساتھ، یو این اوپس نے بیس لاکھ مچھر دانیاں اور پچیس ہزار سے زیادہ خیموں کی خریداری میں حکومت کو تعاون فراہم کیا۔ یہ امدادی سازو سامان حکومتِ سندھ کی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو پہنچا دیا گیاہے۔
عالمی بینک کے سیکٹر لیڈر- عابد خلیل نے کہا، "یو این اوپس نے ہم منصب افراد اور اداروں کے ساتھ مل کر کام کرتے ہوئے کم سے کم مدت میں حقیقی نتائج کے حصول کو یقینی بنانے کے لیے مقامی اور بین الاقوامی اداروں کی خدمات حاصل کیں۔ ان اداروں کی جانب سے تعاون اور امداد سے تباہ کُن سیلاب سے بحالی کے اہم سنگِ میل کا حصول ممکن ہوا۔"
اس بحران کے دوران ایسا بھی ہوا کہ ملک کا ایک تہائی حصہ زیرِ آب تھا۔ اس وقت بھی صوبہ سندھ کے ساتھ ساتھ ملک کے دیگر اضلاع سے بھی سیلابی پانی جمع ہوجانے کی اطلاعات موصول ہوتی رہتی ہیں۔ جمع شدہ پانی سے ملیریا، اسہال، جِلدی امراض اور ڈینگی جیسی بیماریوں کے شکار ہونے والوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔ یو این اوپس کی جانب سے انتظام کردہ ادویہ اور دیگر امدادی سامان حکام کو سیلاب سے پیدا ہونے والی آزمائشوں سے نمٹنے میں مدد گار ہوں گے۔
آنے والے وقت میں اس ملک کو موسمیاتی تبدیلیوں سے ہونے والی ممکنہ تباہی سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن تعاون کی فراہمی بہت اہم ہے۔ یو این اوپس، حکومت اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ یکجا ہوکر مستقبل میں متوقع آزمائشوں کے دوران مدد کے لیے تیار ہے"، چارلس کیلاٹن نے کہا۔
کہانی: UNOPS
اس اقدام میں حصہ لینے والے اقوام متحدہ کے ادارے
یواین اوپس
اقوام متحدہ دفتر برائے پراجیکٹ سروسز
اس اقدام سے متعلقہ اہداف
یہ اقدام کن اہداف کے حصول میں معاون ہو گا