پریس ریلیز

خواتین کے عالمی دن کے موقع پر سیکرٹری جنرل کا پیغام

08 March 2023

خواتین کے عالمی دن کے موقع پر سیکرٹری جنرل کا پیغام 

خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ہم دنیا کے ہر گوشے میں، اور زندگی کے ہر شعبے میں خواتین اور لڑکیوں کی کامیابیوں پر خوشی اور مسرت کا اظہار کرتے ہیں۔

لیکن ہم یہ بھی مانتے ہیں کہ انہیں لاتعداد رکاوٹیں درپیش ہیں – نظام کی وجہ سے ہونے والی ناانصافیاں ہوں یا تشدد، معاشرے میں محرومی کا احساس ہو یا اپنی ذات اور اپنی زندگی سے متعلق حقوق سے محرومی، مشکلات در مشکلات کا ایک سلسلہ ہےجو خواتین اور لڑکیوں کو سب سے پہلے اور سب سے زیادہ اپنی لپیٹ میں لیتا ہے۔

خواتین ہوں یا لڑکیاں، مرد ہوں یا لڑکے، صنفی امتیاز و تفریق ہر فرد کو نقصان پہنچاتا ہے۔

خواتین کا عالمی دن دراصل میدانِ عمل میں اترنے کا دن ہے…

اُن خواتین کا ساتھ دینے کے لئے، جو اپنا سب کچھ قربان کر کے اپنے بنیادی حقوق کا مطالبہ کر رہی ہیں…

جنسی استحصال، بدسلوکی اور زیادتی سے تحفظ کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے

زندگی کے ہر شعبے میں خواتین کی بھرپور شمولیت یقینی بنانے اور انہیں قیادت کے منصب تک لانے کے لئے میدانِ عمل میں اترنے کا دن۔

رواں سال خواتین کے عالمی دن کے مرکزی پیغام میں صنفی برابری کی تحریک کو آگے بڑھانے کے لئے ٹیکنالوجی اور جدت سے کام لینے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔

ٹیکنالوجی کی بدولت خواتین اور لڑکیوں کے لئے تعلیم اور مواقع کی ان گنت راہیں کھل سکتی ہیں۔

لیکن دوسری جانب اسے بدسلوکی اور نفرت پھیلانے کے لئے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

آج کے دور میں سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی کے شعبوں سے وابستہ افراد میں خواتین کا تناسب ایک تہائی سے بھی کم ہے۔

نئی ٹیکنالوجیز کی دریافت اور ترقی میں جب خواتین کی نمائندگی کم ہو گی تو یہ کہنا بے جا نہ ہو گا کہ امتیاز و تفریق کی بنیاد ابتداء میں ہی رکھ دی جاتی ہے۔

اس لئے ہمیں ڈیجیٹل تقسیم کو ختم کرنا ہوگا اور سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں خواتین کی نمائندگی کو بڑھانا ہو گا۔

خواتین کو ڈیجیٹل دنیا میں شامل نہ کرنے کی وجہ سے گزشتہ ایک دہائی کے دوران کم آمدنی اور متوسط آمدنی والے ممالک اندازاً 1 ٹریلین ڈالر جی ڈی پی کا نقصان اٹھا چکے ہیں – اور اگر اب بھی عملی اقدامات نہ کئے گئے تو 2025 میں اس نقصان کی مالیت 1.5 ٹریلین ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔

خواتین کی بہتری پر سرمایہ لگانے میں ہر فرد، ہر کمیونٹی اور ہر ملک کی بہتری ہے۔

آپ حکومت میں ہوں یا نجی شعبے میں، یا سول سوسائٹی کا حصہ ہوں، آئیں، ہم سب ایک ہو کر قدم بڑھائیں اور اپنی اس دنیا کو خواتین، لڑکیوں، مردوں اور لڑکوں کے لئے زیادہ خوشحال بنائیں، ہر جگہ ہر فرد کو اس کا حصہ بنائیں اور سب کے لئے انصاف یقینی بنائیں۔

***

اس اقدام میں حصہ لینے والے اقوام متحدہ کے ادارے

UN
United Nations

اس اقدام سے متعلقہ اہداف یہ اقدام کن اہداف کے حصول میں معاون ہو گا