میڈیا اپ ڈیٹ: اقوام متحدہ پاکستان، 26 جنوری 2023
26 January 2023
اس میڈیا اپ ڈیٹ میں شامل ہے۔
- یو این او ڈی سی کی جانب سے امریکی سفارتخانے کے تعاون سے بلوچستان میں قانون کی حکمرانی کی صورتحال بہتر بنانے کے پروگرام کی کامیاب تکمیل
یو این او ڈی سی کی جانب سے امریکی سفارتخانے کے تعاون سے
بلوچستان میں قانون کی حکمرانی کی صورتحال بہتر بنانے کے پروگرام کی کامیاب تکمیل
اسلام آباد، پاکستان (26 جنوری 2023) – اقوامِ متحدہ کے دفتر برائے انسدادِ منشیات و جرائم (یو این او ڈی سی) نے امریکی سفارتخانے کے مالی تعاون سے بلوچستان میں قانون کی حکمرانی کی صورتحال میں بہتری کے لئے 4,578,96 ڈالر مالیت کا پروگرام کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا ہے۔ اس اہم پروگرام کی کامیاب تکمیل پر پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم کے ساتھ ساتھ پاکستان کے لئے یو این او ڈی سی کے نمائندہ ڈجیریمی ملسم، بلوچستان کے انسپکٹر جنرل پولیس عبدالخالق شیخ نے اطمینان اور مسرت کا اظہار کیا ہے۔ اس پانچ سالہ پروگرام کا آغاز فروری 2017 میں کیا گیا اور یہ دسمبر 2022 میں پایہ تکمیل کو پہنچا۔ اس سلسلے میں اسلام آباد میں ایک اختتامی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ، بلوچستان اور یو این او ڈی سی کی اس چھ سالہ مشترکہ کاوش کی کامیاب تکمیل ہم سب کے لئے باعث اطمینان ہے۔ 2017 میں امریکہ اس پراجیکٹ کے لئے مالی تعاون فراہم کرنے والا واحد ملک تھا جس نے بلوچستان میں قانون کی حکمرانی کی صورتحال میں بہتری کے اس پروگرام کے لئے 4.5 ملین ڈالر کی خطیر رقم فراہم کی۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 75 سال کے دوران امریکہ پاکستان میں نفاذِ قانون کی سویلین استعداد کو مستحکم بنانے اور پاکستانی شہریوں کو محفوظ رکھنے کے لئے ایک ارب ڈالر سے زائد سرمایہ فراہم کر چکا ہے۔ اس سلسلے میں1 لاکھ 20 ہزار سے زائد پاکستانی پولیس افسران کو تربیت دی گئی، اور ان تربیتی کورسز میں جرائم پر جوابی اقدامات، ان کی تحقیقات اور شواہد سے متعلق امور کے بین الاقوامی معیارات کو شامل کیا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ امریکہ نے پاک افغان سرحد کے ساتھ 230 سے زائد سرحدی چوکیوں کی تعمیر میں بھی اپنا کردار ادا کیا ہے۔ بلوچستان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی سرگرمیوں کو بہتر بنانے اور جرائم کے خلاف مصروف عمل افسران کو محفوظ رکھنے کے لئے بلٹ پروف جیکٹ، ہیلمٹ اور گاڑیوں کی خریداری کے لئے 20 ملین ڈالر سے زائد کی رقوم فراہم کی گئیں۔
امریکی سفیر نے حالیہ سیلاب کے سلسلے میں فراہم کی گئی امریکی امداد پر بھی روشنی ڈالی اور بتایا کہ تاحال ہم سیلاب کے جوابی اقدامات، آفات کے مقابلے کی صلاحیت، اور غذائی تحفظ میں معاونت کے سلسلے میں 200 ملین ڈالر سے زائد کی فراہمی کے وعدے کر چکے ہیں۔ امریکہ کی طرف سے فراہم کی گئی معاونت میں فوری ضرورت کے مطابق کھانے پینے کی اشیاء، صاف پانی، سینی ٹیشن اور حفظانِ صحت کی سہولیات میں بہتری، مالی امداد اور رہائشی سہولیات کے سلسلے میں امداد شامل ہے۔ اس میں بلوچستان پولیس کے ساتھ مل کر کی گئی سرگرمیاں بھی شامل ہیں جن کے تحت سیلاب سے تباہ ہونے والے پولیس سٹیشنوں کی سرگرمیوں کو بحال کیا گیا اور کوئٹہ میں بلوچستان پولیس ٹریننگ کالج کے حفاظتی انتظامات بہتر بنانے کے لئے نئی دیوار کی تعمیر اور نکاسی آب کے نظام کی فراہمی پر بھی کام کیا گیا۔ ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ ہم وہی کچھ کر رہے ہیں جو مشکل وقت میں دوست اور پارٹنر ایک دوسرے کی مدد کے لئے کرتے ہیں۔
پاکستان میں یو این او ڈی سی کنٹری آفس کے کنٹری ریپریزنٹیٹو جناب جیریمی ملسم نے اپنے ابتدائی کلمات میں بلوچستان میں قانون کی حکمرانی کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے یو این او ڈی سی کی جانب سے مسلسل بنیاد پر فراہم کی جانے والی معاونت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے امریکی سفارتخانے کے انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاء انفورسمنٹ (آئی این ایل) سیکشن کی معاونت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور بلوچستان میں نظام انصاف کے اداروں کی اصلاح اور استحکام کے لئے بلوچستان حکومت کے اشتراک عمل کو بھی سراہا۔
یہ پروگرام اس مقصد کے ساتھ شروع کیا گیا کہ جائے وقوعہ کی تحقیقات، اور فورانزک معائنے کی مہارتوں پر تربیتی سیشنز اور جدید آلات و سامان کی فراہمی کے ذریعے بلوچستان پولیس کی ٹیکنیکل اور آپریشنل استعداد کو بہتر بنایا جائے۔ نظام انصاف کے بہتر ثمرات کے لئے پولیس اور استغاثہ کے درمیان بہتر تعاون اس پروگرام کا ایک اہم ترین جزو ہے۔
آئی این ایل کے مالی تعاون سے یو این او ڈی سی کی جانب سے بلوچستان پولیس کی کرائم برانچ کو 10 موبائل کرائم سین یونٹس، 2,250 فرسٹ رسپانڈرز اور 250 کرائم سین کٹس فراہم کی گئیں اور بلوچستان کی فورانزک سائنس لیب کی رینوویشن بھی کی گئی۔ علاوہ ازیں، شواہد کی ترسیل کے لئے چار فورانزک کلیکشن یونٹ بھی قائم کئے گئے۔ رول آف لاء اینڈ انٹی کرپشن پروگرام، یو این او ڈی سی کی مشیر محترمہ جوہیدا ہانانو نے پروگرام کی کامیابیوں کے بارے میں اپنی پریزنٹیشن کے دوران ان تفصیلات کے ساتھ ساتھ دیگر معلومات سے بھی شرکاء کو آگاہ کیا۔
یو این او ڈی سی کی جانب سے آئی این ایل پروگرام کو پالیسی اصلاحات کے شعبے میں بھی معاونت فراہم کی گئی ہے اور بلوچستان پولیس ٹریننگ برانچ کو استعداد میں بہتری کے لئے ضروریات کے تجزیہ کی تیاری میں تکنیکی معاونت فراہم کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں سپیشلائزڈ ماڈیول تیار کئے گئے اور 5517 افسران اور اہلکاروں کو پولیس سرگرمیوں کے مختلف امور پر تربیت دی گئی۔ اسی طرح ریاست اور شہریوں کے درمیان اعتماد کا رشتہ بہتر بنانے کے لئے بلوچستان پولیس نے یو این او ڈی سی کے ساتھ مل کر ایک کمیونٹی پولیسنگ پالیسی اینڈ پلان تیار کیا جس کا مقصد شہریوں کے اعتماد، پولیس کے جوابی اقدامات اور بالخصوص کمزر طبقات کے خلاف ہونے والے جرائم کی روک تھام اور انسداد میں باہمی احتساب کے رجحان میں بہتری لانا ہے۔
اختتامی تقریب کے دوران آئی این ایل کے مالی تعاون سے مکمل کئے گئے اس پروگرام کی اہم کامیابیوں اور اس کے نتائج و اثرات سمیت اس پر عملدرآمد کے دوران پیش آنے والی مشکلات اور ان سے حاصل ہونے والے تجربات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
تقریب کے آخر میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی جانب سے فورانزک ایویڈنس کلیکشن یونٹس باقاعدہ طور پر بلوچستان پولیس کے حوالے کرنے کی پریزنٹیشن ہوئی۔
مزید معلومات کے لئے رابطہ: محترمہ رضوانہ راہول، کمیونیکیشن آفیسر، موبائل: +923018564255، فیکس: + 92-51-2601469 ؛ ای میل: rizwana.rahool@un.or