میڈیا اپ ڈیٹ: اقوام متحدہ پاکستان، 11 جنوری 2023
13 January 2023
اس میڈیا اپ ڈیٹ میں شامل ہے۔
- یو این او ڈی سی کی جانب سے ناروے حکومت کے تعاون سے گوجرانوالہ میں خواتین اور نوعمر بچوں کی معاونت کے لئے ون سٹاپ سنٹر کا قیام
یو این او ڈی سی کی جانب سے ناروے حکومت کے تعاون سے
گوجرانوالہ میں خواتین اور نوعمر بچوں کی معاونت کے لئے ون سٹاپ سنٹر کا قیام
گوجرانوالہ (11 جنوری 2023) – یو این او ڈی سی پاکستان کی جانب سے ناروے حکومت کے مالی تعاون اور پنجاب پولیس کے اشتراک سے گوجرانوالہ میں خواتین اور نوعمر بچوں کی معاونت کے لئے قائم کیا گیا "ویمن اینڈ جووینائل فیسلٹیشن سنٹر" (ڈبلیو اینڈ جے ایف سی) کھول دیا گیا۔ یو این او ڈی سی کی جانب سے پنجاب میں قائم کیا جانے والے اپنی طرز کا یہ دوسرا مرکز ہے۔ اس سے پہلے 2019 میں گجرات میں قائم کیا گیا پہلا سنٹر کامیابی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہا ہے۔ یہ مرکز بین الاقوامی معیار کے عین مطابق تیار کیا گیا ہے جہاں تشدد سے متاثرہ خواتین اور نوعمر بچوں کو جرائم کی اطلاع دینے، انہیں قلم بند کرانے اور ان کی تحقیقات کے سلسلے میں جامع خدمات انتہائی سازگار ماحول میں فراہم کی جاتی ہیں۔
سنٹر کی سرگرمیوں کے باضابطہ آغاز کے سلسلے میں آج صدر پولیس سٹیشن، گوجرانوالہ میں افتتاحی تقریب منعقد کی گئی۔ گوجرانوالہ پولیس انتظامیہ کی میزبانی میں منعقد ہونے والی تقریب میں پاکستان میں ناروے کے سفیر جناب البرٹ الساس، شاہی سفارتخانہ ناروے کے عہدیداروں، سیکنڈ سیکرٹری ڈویلپمنٹ پروگرام محترمہ انجا مرٹویٹ، پولیس لیژون آفیسر جناب مارٹن بجارٹین اور پروگرام ایڈوائزر ڈویلپمنٹ جناب بلال مجید کے علاوہ یو این او ڈی سی کنٹری آفس پاکستان کے نمائندہ ڈاکٹر جیریمی ملسم سمیت یو این او ڈی سی اور محکمہ پولیس کے متعدد سینئر عہدیداروں نے شرکت کی۔
خواتین اور نوعمر بچوں کے لئے قائم کئے گئے اس سنٹر کا افتتاح ناروے حکومت کے مالی تعاون سے "پنجاب میں نظامِ انصاف کے کرداروں کی استعداد میں بہتری" کے پروگرام کے تحت ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے جس پر یو این او ڈی سی، حکومت پنجاب کے اشتراک سے کام کر رہا ہے۔ پروگرام کا مقصد جرائم اور تشدد سے متاثرہ افراد کے معاملے میں نظام انصاف کے اداروں کے جوابی اقدام میں بہتری لانا اور بالخصوص خواتین، لڑکیوں اور نوعمر بچوں پر تشدد کے واقعات میں نظام انصاف کے بہتر نتائج یقینی بنانا ہے۔
گوجرانوالہ کے ریجنل پولیس آفیسر جناب منیر احمد مارتھ نے اس موقع پر مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور گوجرانوالہ ریجن میں کمزور اور متاثرہ افراد کے تحفظ کے لئے کئے گئے اس تاریخی اقدام کے سلسلے میں یو این او ڈی سی (کوپیک) اور ناروے حکومت کے فراخ دلانہ تعاون کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اُن کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے بتایا کہ اس سنٹر میں ہر قسم کی معاونت کی ضروری سہولیات ایک چھت تلے فراہم کی جائیں گی جن میں گھریلو تشدد، صنفی تشدد اور بچوں سے بدسلوکی کے متاثرین کے لئے میڈیکولیگل معاونت، ابتدائی نگہداشت، اور نفسیاتی و قانونی معاونت کی خدمات شامل ہیں۔ سنٹر میں خواتین اور نوعمر بچوں کی بحفاظت تحویل کے لئے دو الگ الگ کمرے بھی بنائے گئے ہیں۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان میں ناروے کے سفیر جناب البرٹ الساس نے خواتین، لڑکیوں اور بچوں کے حقوق کی پاسداری، بالخصوص پاکستان میں تشدد کے جرائم کی تیزی سے بڑھتی شرح پر قابو پانے کے لئے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
یو این او ڈی سی کنٹری آفس پاکستان کے نمائندے ڈاکٹر جیریمی ملسم نے پنجاب میں مختلف اصلاحی اقدامات کے ذریعے نظامِ انصاف کی استعداد میں بہتری کے لئے یو این او ڈی سی کی مسلسل معاونت سے ہونے والی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں دو ہزار سے زائد افسران اور اہلکاروں کو صنفی تشدد اور نوعمر بچوں سے متعلق معاملات کی جدید خطوط پر تحقیقات اور جائے وقوعہ سے متعلق امور کی تربیت دی گئی ہے، موبائل کرائم سین یونٹ فراہم کئے گئے ہیں، پولیس اور استغاثہ کے باہمی روابط میں بہتری کے اقدامات کئے گئے ہیں، گجرات، گوجرانوالہ اور پی ٹی سی لاہور میں ای لرننگ سنٹر قائم کئے گئے ہیں اور لاہور کے 'سنٹر فار پروفیشنل ڈویلپمنٹ فار پراسیکیوٹرز' (سی پی ڈی) میں ریسرچ یونٹ کا آغاز کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس کے مختلف اداروں اور تربیتی مراکز میں درس وتدریس کے عمل کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے سمارٹ کلاس روم، تحقیقات اور پوچھ گچھ کے لئے خصوصی کمرے اور ڈیجیٹل لائبریریاں بھی قائم کی گئی ہیں۔
ڈاکٹر جیریمی ملسم نے تشدد سے متاثرہ خواتین، لڑکیوں اور نوعمر بچوں سمیت مختلف کمزور طبقات کی معاونت کے لئے نظامِ انصاف کے اداروں کے جوابی اقدامات کو مستحکم بنانے اور ان میں بہتری لانے کے لئے ناروے حکومت کے مالی تعاون اور حکومتِ پنجاب کی سرگرمیوں پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ میں اس سنٹر کا قیام ان مقاصد کے حصول کے لئے ایک اہم بریک تھرو ثابت ہو گا۔
مزید معلومات کے لئے رابطہ: محترمہ رضوانہ راہول، کمیونیکیشن آفیسر، موبائل: 03018564255؛ ای میل: rizwana.rahool@un.org;