ہر نیا سال ایک نئے جنم کا درجہ رکھتا ہے۔ ہم پچھلے سال کی راکھ سمیٹ کر ایک روشن تر دن کی تیاری کرتے ہیں۔ سال 2022 میں دنیا بھر میں لاکھوں افراد نے حقیقتاً راکھ ہی سمیٹی ہے۔ یوکرین سے افغانستان تک اور جمہوریہ کانگو اور اس سے بھی آگے، لوگوں نے بہتر زندگی کی تلاش میں اپنے تباہ حال گھروں کو خیرآباد کہا۔ پوری دنیا میں، قریباً 100 ملین افراد جنگوں، جنگلاتی آگ، خشک سالی، غربت اور غذائی قلت کی وجہ سے سفر کے عالم میں رہے۔
سال 2023 میں ہمیں پہلے سے کہیں بڑھ کر امن کی ضرورت ہے۔ آپس میں امن، مذاکرات کے ذریعے تنازعات کا خاتمہ کر کے؛ قدرتی ماحول اور آب و ہوا کے ساتھ امن تاکہ ایک پائیدار دنیا کی تشکیل ہو؛ گھروں میں امن تاکہ خواتین اور لڑکیاں محفوظ اور با وقار زندگی گزاریں؛ گلی اور محلوں میں امن جہاں انسانی حقوق کی مکمل پاسداری ہو؛ عبادت گاہوں میں امن جہاں ایک دوسرے کے عقائد کا احترام ہو؛ اور پُر امن انٹرنیٹ کی دنیا جو نفرت انگیزی اور گالم گلوچ سے پاک ہو۔
آئیں 2023 کی آمد پر امن کو اپنے قول و فعل کی بنیاد بنا لیں۔ آئیے، ہم سب مل کر 2023 کو ایک ایسا سال بنائیں جس میں ہماری زندگیوں، گھروں اور اس پوری دُنیا میں امن لوٹ آئے۔