پریس ریلیز

میڈیا اپ ڈیٹ-2: اقوام متحدہ پاکستان، 3 مارچ 2023

06 March 2023

اس میڈیا اپ ڈیٹ میں شامل ہے۔

  • زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لئے ایف اے او، آئی ایف سی، اے ڈی بی اور بی او آئی کی جانب سے سیمپوزیم کا اہتمام

زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لئے ایف اے او، آئی ایف سی، اے ڈی بی اور بی او آئی کی جانب سے سیمپوزیم کا اہتمام

اسلام آباد: ادارہ خوارک و زراعت اقوام متحدہ (ایف اے او) کی جانب سے اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں ایگریکلچر انویسمنٹ سیمپوزیم کا اہتمام کیا گیا۔ زراعت میں سرمایہ کاری سے متعلقہ تمام افراد جن میں نجی سرمایہ کار، پالیسی ساز، کسان، بین الاقوامی اور مقامی سماجی تنظیموں کے نمائندے، اور تحقیق کار شامل تھے کو مدعو کیا گیا تھا۔ سیمپوزیم کا مقصد تبادلہِ خیالات اور تجربات تھا ۔ اسکے علاوہ اسکے ذریعے نجی سرمایہ کاروں اور مالی اداروں کو میچ میکینگ اور باہمی سرمایہ کاری کے مواقع جاننے کا بھی موقع ملا۔  سیمپوزیم کا اہتمام ایف اے اونے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی)، ایشیائی ترقیاتی بینک( اےڈی بی)اور وفاقی اور صوبائی انویسمنٹ بورڈز ک اشتراک سےکیا تھا۔ ۳۰۰ سے زائد شرکاء نے سیمپوزیم میں شرکت کی۔

سمپپوزیم کے تحت زرعی  شعبے میں سرمایہ کاری، پارٹنر شپ اور اشتراک سازی کی راہ ہموار ہوئی تاکہ زراعت میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال کی حوصلہ افزائی ہونے کے ساتھ ساتھ زراعت کی پائیدار بنیادوں پر ترقی کی راہ کو ہموار کیا جاسکے، سب کی شمولیت کو یقینی بنایا جا سکے اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کو کم کیا جاسکے۔

کاروباری افراد اور سرمایہ کاروں کی باہمی ملاقاتوں اور بات چیت کے لئے بوتھ قائم کئے گئے تھے۔ انہوں نے آپس میں تجربات اور خیالات کا تبادلہ کیااور دستیاب ٹیکنالوجی اورمنافع بخش مصنوعات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ ان ملاقاتوں کے نتیجے کے طور پر باہمی سرمایہ کاری کے کئی معاہدے طے ہوئے یا ان کی یقین دہانی کرائی گئی ۔

پروفیسر احسن اقبال، وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمینٹ نے نجی سرمایہ کاروں، مالی اداروں اور متعلقہ حکومتی اداروں کے مل کر  زراعت کے شعبے میں کام کرنے کی ضرورت کو پر زور دیا۔ کیونکہ زرعی ترقی کے ان گنت معاشی فوائد ہونے کے ساتھ اس سے غربت کا خاتمہ بھی کیا جاسکتا ہے۔ ایف اے او کی کوششوں کو سراہتے ہوئے انہوں نے کلسٹر بیسڈ ڈویلپمینٹ کو اجاگر کیا جو کہ حکومت کے ویژن ۲۰۲۵ کا حصہ تھی تاکہ زرعی پیداوار کو زیادہ سے زیادہ بڑھایا جا سکے۔ انہوں نے اس طریقہِ کار کو مستقبل کی کنجی قرار دیا۔ انہوں نے اس ضمن میں مائیکل پورٹر کے شہرہِ آفاق کام  قوموں کے مسابقتی فائدے کا بھی ذکر کیا۔ 

ایف اے او کا انویسمنٹ سینٹر مالی اداروں کے ذریعے نجی شعبے کے ساتھ کام کرتا ہے تاکہ زرعی اجناس میں موثر سرمایہ کاری کی جاسکے۔ یہ مالی اداروں اور ممبر ملکوں کے مابین پُل کا کام سرانجام دیتا ہے تاکہ ملکی سطح پر بھرپور اثر کے لئے سرمایہ کاری کو بڑھاوا دیا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار  محمد منصوری، ڈائریکٹر ایف اے او انویسمنیٹ سینٹر  نے کیا۔

نجی شعبے کے سرمایہ کاروں کے سامنے آٹھ زرعی اجناس، سیب، مرچ، کھجور، آم، پیاز، ٹماٹر، چاول اور گائے کے گوشت میں سرمایہ کاری کے مواقع اور اقتصادی فوائد کو پیش کیا گیا۔ اسی طرح لیونگ انڈس منصوبے کے تحت شروع کئے گئے ۲۵ پراجیکٹس میں سرمایہ کاری کی ضرورت کو اجاگر کیا گیا۔ یہ طریقہِ کار ایف اے او کے ہینڈ ان ہینڈ منصوبہ سے بہت مطابقت رکھتا ہے جسکے تحت غذائی نظام کو بدلنے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ غربت کا خاتمہ (ایس ڈی جی ۱)، بھوک اور غذائی قلت کا خاتمہ (ایس ڈی جی ۲) اور عدم مساوات میں کمی (ایس ڈی جی۱۰) کیا جاسکے۔

افتتاحی سیشن کے دوسرے شرکاء میں فلورنس رول، پاکستان میں ایف اے او کی نمائندہ، خالد گردیزی، ایڈیشنل سیکرٹری، منسٹری آف نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ، ذیشان شیخ، کنٹری مینیجر آئی ایف سی، محمد فاروق، جوائنٹ سیکرٹری، وزارتِ ماحولیات، یاسمین صدیق، ڈائریکٹر اے ڈی بی اور عامر ارشاد، ہیڈ آف پروگرام (ایف اے او) شامل تھے۔ انہوں نے زراعت کے شعبے کو درکار مسائل اور انکے حل کو اجاگر کیا کہ کس طرح اصلاحات، پالیسی سازی اور ممکنہ سرمایہ کاری کے ذریعے پاکستان میں زراعت کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے بالخصوص جبکہ اس شعبے کو ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے بے پناہ مسائل کا سامنا ہے۔

زراعت کے شعبے میں سرمایہ کاری سے متعلقہ موضوعات پر دو پینل ڈسکشنز کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جسمیں زراعت کے شعبے میں کامیاب سرمایہ کاروں نے اپنے تجربات بیان کئے اور شرکاء کو بتایا کہ کس طرح زراعت کے شعبے میں سرمایہ کاری کو منافع بخش بنایا جا سکتا ہے اور زراعت کی ترقی کے لئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی مدد لی جا سکتی ہے۔ یہ پینل ڈسکشنز اے ڈی بی اور آئی ایف سی کی معاونت سے کی گئی۔ جمیل قریشی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل، بورڈ آف انویسمنٹ ، حکومتِ پاکستان نے اختتامی کلمات ادا کئے اورمستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا۔

برائے مزید معلومات

شارق لاشاری

0321-3082691

Shariq.lashari@fao.org

اس اقدام میں حصہ لینے والے اقوام متحدہ کے ادارے

ایف اے او
اقوام متحدہ کا ادارہ خوراک و زراعت

اس اقدام سے متعلقہ اہداف یہ اقدام کن اہداف کے حصول میں معاون ہو گا