اقوامِ متحدہ کے عالمی دن 24 اکتوبر 2021 کے موقع پر سیکرٹری جنرل کا پیغام
اقوامِ متحدہ کے عالمی دن کے موقع پر
سیکرٹری جنرل کا پیغام
24 اکتوبر 2021
76 سال قبل تباہ کن اور ہولناک تنازعات کے اندھیروں میں گھری دنیا کے لئے اقوامِ متحدہ امید کی ایک کرن بن کر سامنے آئی۔
آج اقوامِ متحدہ کے ہر کارکن، ہر مرد اور ہر عورت نے پوری دنیا میں امید کی اس شمع کو روشن رکھا ہوا ہے۔
کووڈ -19، تنازعات، بھوک اور موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال، یہ سب ہمیں یاد دلاتے ہیں کہ ایک مثالی دنیا کے قیام کی منزل ابھی بھی بہت دور ہے۔
لیکن یہ اس بات کی بھی واضح علامت ہیں کہ ہمارے پاس آگے بڑھنے کا واحد راستہ یہی ہے کہ ہم ساتھ رہیں اور ساتھ بڑھیں۔
ہم سب کو مل کر ان مشکلات کا سامنا کرنا ہو گا اور پائیدار ترقی کے عالمی مقاصد کو آگے بڑھانا ہو گا۔
ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہو گا کہ ہر فرد کو، ہر جگہ، جلد ازجلد کووڈ-19 کی ویکسین میسر ہو۔
ہمیں تمام افراد بالخصوص غریب ترین اور شدید محرومی کا شکار لڑکیوں، خواتین، بچوں اور نوجوانوں کو ان کے تمام حقوق دلوانا ہوں گے اور ان کی عزت ووقار کا علم بلند رکھنا ہو گا۔
ہمیں ان تنازعات کے خاتمے کی جدوجہد میں اپنا حصہ ملانا ہو گا جنہوں نے ہماری اس دنیا کو داغ داغ کر رکھا ہے۔
ہمیں اپنے کرہ ارض کو بچانے کے لئے موسمیاتی تبدیلی پر جرات مندانہ وعدے کرنا ہوں گے اور انہیں نبھانا ہو گا۔
اور ہمیں عالمی سطح پر ایک ایسے طرزِحکمرانی کی تعمیر کرنا ہو گی جو سب کو بہتر طریقے سے ساتھ لے کر چلے، سب کو آپس میں جوڑے اور سب کے لئے موثر ہو، جسے "ہمارا مشترکہ ایجنڈا" (Our Common Agenda) کے عنوان سے میری ایک حالیہ رپورٹ میں پوری شدومد کے ساتھ بیان کیا گیا ہے۔
امن، ترقی، انسانی حقوق اور سب کے لئے مواقع – یہ وہ اقدار ہیں جو گزشتہ 76 سال سے اقوامِ متحدہ کی قوت ہیں اور رہتی دنیا تک رہیں گی۔
آج، اقوامِ متحدہ کے عالمی دن کے موقع پر، آئیے، ان اقدار اور نظریات کی خاطر ایک ہو جائیں، اور اقوامِ متحدہ کی شکل میں ابھرنے والی امید کی کرن بن جائیں اور اپنے ہر عہد اور ہر وعدے کو پوری طرح نبھائیں۔
***